Baqai Medical University, PMDC Inspection Report 11 April 2018



کراچی:۔ ۱۱؍اپریل(پ۔ر) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی انسپیکشن ٹیم نے پی ایم ڈی سی کنوینر پروفیسر محمد سلیم خٹک کی قیادت میں بقائی میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ بقائی نے شرکا کو خوش آمدید کیا۔ سعیدہ آڈیٹوریم میں بقائی میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر افتخار احمد صدیقی نے پی ایم ڈی سی انسپیکشن ٹیم کے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بانی چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فرید الدین بقائی اپنی زندگی میں اکثر تقریبات میں خود احتسابی کا درس دیا کرتے تھے۔ اس طرح پی ایم ڈی سی کا وزٹ ہمارے لئے احتساب کا دن ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کا طائرانہ جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کا قیام پروفیسر ڈاکٹر فرید الدین بقائی اور پروفیسر زاہدہ بقائی کا ایک خواب تھا۔ جس کی تعبیرآپ کے سامنے ہے۔یہ ایک جہد مسلسل کا نتیجہ ہے۔چونسٹھ ایکڑ رقبے پر پھیلی ہوئی کشادہ جامعہ بقائی سرسبز ہریالی کے ساتھ پھل پھول رہی ہے۔ بقائی میڈیکل کالج، بقائی ڈینٹل کالج کے ساتھ فاطمہ ہسپتال ، بقائی ہسپتال ناظم آباد اور بقائی مرکز ذیابیطس کے ادارے تعلیم کے ساتھ صحت کے مسائل کے حل کے لئے پیش پیش ہیں جو کہ بقائی فاؤنڈیشن کی معاونت سے طلبا و طالبات کو طبی تعلیم کے ساتھ گاؤں دیہات کے لوگوں کو مفت طبی سہولتیں بہم پہنچارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ضرورت مند طلبہ کو اسکالر شپ بھی دیتے ہیں کہ وہ طلبہ جو مسیحا بننے کے طالب ہیں وہ دربدر نہ ہوں اس طرح یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات اندرون ملک اور بیرون ملک خدمات انجام دے کر ملک اور قوم کا نام روشن کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بقائی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے تمام ادارے کسی دوسرے ادارے کی امداد کے بغیر اور خود انحصاری پر گامزن ہیں۔ اسی ضمن میں ہونے والے اخراجات کا باقاعدہ آڈٹ ہوتا ہے۔ یونیورسٹی کی تعلیمی استعداد کو پرکھنے کے لئے ہماری اپنی ایک اکیڈمک کونسل ہے جو میڈیکل اور ڈینٹل کالج کی تعلیمی استعداد کی نگرانی کرتی رہتی ہے۔ یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کا ایک پیمانہ ہے۔ ہم کوالٹی ایجوکیشن اور معیار کو پرکھنے کے بعد طلبہ کو داخلے دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کا بورڈ آف گورنرز نگرانی کرتا ہے اور اپنی میٹنگ میں یونیورسٹی کی تعلیمی استعداد اور معیار اور ضروریات کا جائزہ لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بقائی میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام بورڈ آف اسٹڈی بھی تعلیمی معیار کی منصوبہ بندی اور نگرانی کرتا ہے۔ ہم ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور پاکستان میڈیکل اور ڈینٹل کونسل کے قوائد و ضوابط کی مکمل پاسداری پر یقین رکھتے ہیں۔ اس موقع پر پی ایم ڈی سی کے اراکین نے اپنا مختصر تعارف کرایا۔ اس موقع پر بقائی میڈیکل یونیورسٹی کی چھ فیکلٹیز کے سربراہان کے علاوہ اساتذہ کرام اور اراکین انتظامی کمیٹی بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں پی ایم ڈی سی انسپیکشن ٹیم کے ممبران نے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ڈاکٹر شعیب بقائی کے ساتھ یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری ، بقائی میڈیکل کالج ، بقائی ڈینٹل کالج اور فاطمہ ہسپتال کا تفصیلی معائنہ کیا