SPORTS WEEK YALGAAR 18



کراچی:۔ ۲۶؍فروری(پ۔ر) پاکستانی خواتین ہر محاذ اور میدان میں ممتاز ہی نہیں بلکہ ممتاز اور نمایاں ترین ہیں ان خواتین میں بقائی میڈیکل یونیورسٹی کی طالبات بھی شامل ہیں جو اپنی صلاحیتوں سے خود کو تسلیم کرارہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی میں منعقدہ ہفتۂ کھیل ’’یلغار ۲۰۱۸‘‘ کی اختتامی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ بقائی نے اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا نصف سے زائد حصہ خواتین پر مشتمل ہے۔ ہماری طالبات نے منعقدہ کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دیکھا کر حقیقت میں دھوم مچادی ہے۔ ہمیں معاشرے میں صنفی امتیازکے رجحان سے پہلو تہی کرنا ہوگی، یہی ملکی ترقی اور استحکام کے لئے ایک مثبت راہِ عمل ہے کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی میں کردار ادا کریں۔ہمارے بانی چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فرید الدین بقائی نے عمل سے ثابت کیا کہ مردوزن گاڑی کے دو پہیے ہیں اور بقائی فاؤنڈیشن کے تمام اداروں میں خواتین و حضرات کو یکساں مواقع حاصل ہیں۔کھیلوں کے مقابلوں کے دوران یونیورسٹی کی چھ ٹیموں میں ایم بی بی ایس کی ’’ڈریگن‘‘ ، بی ڈی ایس کی ’’چیتا‘‘ ،فارمیسی کی ’’ہاکس‘‘ ،فزیو تھراپی کی ’’لائنز‘‘، میڈیکل ٹیکنالوجی کی ’’وارئیرز‘‘، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی’’ بٹالینز‘‘نے کھیلوں کی یلغار میں حصہ لیا اور ۸۰۰ سے زائد طلبا و طالبات نے اپنے سو کے قریب کھلاڑیوں کی ہمت افزائی کرکے انہیں نمبرون بننے کے لئے اُن کے جوش پیدا کیا۔ منعقدہ مقابلوں میں فٹ بال، کرکٹ، والی بال، تھرو بال، ٹگ آف وار، آرم ریسلنگ میں طلبہ و طالبات کی ٹیموں نے اپنی کارکردگی دکھاکر اساتذہ، اراکین انتظامیہ اور طلبا و طالبات کے دل موہ لئے۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سابق ہاکی کوچ اولمپیئن گول کیپر احمد عالم نے طلبہ و طالبات کے حوصلوں کی داد دیتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیموں نے جس طرح نظم و ضبط اور پر امن رہنے کا مظاہرہ کیا ہے وہ ایک قابلِ تحسین مثال ہے ۔کھیلوں کے ہفتہ کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ٹیم بٹالینز نے فیئر پلے اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیئر پلے گیم ٹرافی حاصل کی اور ڈی پی ٹی لائنز نے اس مرتبہ اپنی ڈائریکٹر مہوش شمیم کی سرپرستی میں ۴ گولڈ میڈل حاصل کئے۔ جب کہ ایم بی بی ایس کی ٹیم ڈریگن اور بی ڈی ایس کی ٹیم چیتاز کے مابین مقابلوں کی یلغار میں ڈر یگن کا پلہ بھاری رہا اور آخروقت تک وہ کھیل پر چھائی رہی۔ اس طرح بی ڈی ایس کی ٹیم ’’چیتاز‘‘ اس سال رنراپ ٹرافی کی حق دار ٹھہری۔ ایم بی بی ایس کی ٹیم ڈریگن نے پانچویں مرتبہ بھی چمپئن رہنے کا اعزاز حاصل کرنے کے لئے ۱۷ گولڈ میڈلز حاصل کرتے ہوئے سرفہرست رہنے کی روایت کو برقرار رکھا۔ تقریب اختتام میں انتظامی اراکین کو بھی انعامات و اسناد سے نوازا گیا۔ مقابلوں کے دوران کمپیئرنگ کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد ایم ایس فاطمہ ہسپتال اور بقائی ڈینٹل کالج کے وائس پرنسپل ڈاکٹر طلحہ مفید صدیقی نے انجام دیئے جب کہ ہفتۂ کھیل کے خوبصورت اور کامیاب انعقاد کا سہرا ڈائریکٹرپلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈاکٹرشعیب بقائی کے سر گیا، ان کے مشوروں اور حوصلہ افزائی سے مقابلوں میں حسن پیدا ہوا۔