Day One in honor of 5th Batch of DPT Baqai Institute of Physical Therapy & Rehabilitation Medicine



کراچی: ۱۴؍ فروری (ر۔پ) بقائی میڈیکل یونیورسٹی شعبۂ فزیکل تھراپی اینڈ ریہبلیٹیشن سائنسز کے پانچویں بیج کے ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کے طلبہ کے یومِ آغازِ تعلیم کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ وائس چانسلر پروفیسر زاہدہ بقائی مہمان خصوصی تھیں۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف فزیکل تھراپی پروفیسر ڈاکٹربریگیڈئر(ر) انتصار زاہد خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج طلبا و طالبات ایک نئی منزل کی طرف پیش رفت کررہے ہیں۔ اس سفر میں ہم اساتذہ طلبہ کو فزیکل تھراپی کے اسرار و رموز سے آگاہ کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ کامیابی کے لئے وہ اپنی کلاس رومز میں حاضری کو یقینی بنائیں اور محنت سے نہ گھبرائیں ۔ پڑھنا پڑھانا ہمارا مذہبی عقیدہ اور فریضہ ہے۔ طبی علوم سے آگہی مقصد اور منزل مقصود تک پہنچنے کا ذریعہ ہے۔ یہ انسانوں کی خدمت کا ذریعہ بھی ہے۔طلبہ کو اپنے والدین اور سرپرستوں کی عزت کے ساتھ اساتذہ کی عزت کو بھی اپنا فرض سمجھنا چاہئے اس سے اس کی عزت اور عظمت میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر فزیکل تھراپی اینڈ ریہبلیٹیشن سائنسز ڈاکٹر مہوش شمیم نے وائس چانسلر اور طلبا و طالبات کو خوش آمدید کہا اور تمام نئے طلبہ کا تعارف کرایا۔ قبل ازیں انہوں نے فزیکل تھراپی اساتذہ کی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا کام فزیکل تھراپی کی تعلیم کا حصول خدمتِ خلق ہے اور ہمارا کام اس کی تعلیم و تربیت سے آپ کو فیضیاب کرنا ہے۔ آپ بلاجھجھک اپنے اساتذہ سے تعلیمی امورسے متعلق رابطہ اور معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ بقائی میڈیکل یونیورسٹی کے بانیان کا ایک مشن تھا جو آکسفورڈ یونیورسٹی ، کیمبرج یونیورسٹی اور علی گڑھ یونیورسٹی کے نظریۂ تعلیم سے مماثلت رکھتاہے اور ہم اسی مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں ۔ ہم بین الاقوامی اور قومی طبی نظام تعلیم سے وابستہ رہتے ہوئے فزیکل تھراپی کی تعلیم کو عام کرنا چاہتے ہیں تاکہ لوگوں کو حادثات یا بیماری کی وجہ سے مصائب اور معذوری میں مبتلا ہونے سے بچائیں۔ آج کی فزیکل تھراپی ماڈرن ریہبلیٹیشن سائنس ہے ۔ تقریب کے آخری مرحلہ میں مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ بقائی نے طلبہ سے طمانیت اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم یونیورسٹی میں طبی علوم کے تمام شعبوں میں طلبا و طالبات کو جدید اور اعلیٰ معیاری نصاب کے مطابق تعلیم دے رہے ہیں۔ ہمارے فزیکل تھراپسٹ طلبا و طالبات مستقبل کا سرمایہ ہیں۔ وہ نہ صرف اندورن ملک بلکہ بیرونِ ملک شاندار کامیابیاں حاصل کررہے ہیں اور اپنے مستحکم کیرئیر کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کررہے ہیں۔