Baqai Medical University First Community Based & Community Oriented
Medical University

Special meeting of Board of Advance Studies and Research of Baqai Medical University held on 23rd February 2017

کراچی:۔ ۲۳؍فروری ( پ۔ر) بقائی میڈیکل یونیورسٹی کے بورڈ آف ایڈوانس اسٹیڈیز اینڈ ریسرچ کا خصوصی اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ بقائی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ ڈائریکٹر بورڈپروفیسر ڈاکٹر معین الدین نے ۷۷ ویں اجلاس کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے BASAR ۲۰۱۶ء۔۲۰۱۷ء کا اجمالی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بقائی کی چھ فیکلٹیز سے وابستہ مختلف شعبہ جات میں ایم فل، پی ایچ ڈی اور ایم ڈی کی اعلیٰ تعلیم میں داخلہ حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ میڈیکل ایجوکیشن کے میدان میں بقائی میڈیکل یونیورسٹی کی اہمیت تسلیم کی جارہی ہے۔ بقائی میڈیکل یونیورسٹی نے مجموعی طور پرسال ۲۰۱۶ء۔۲۰۱۷ء میں اعلیٰ تحقیقی طبّی تعلیم میں منتخب ہونے والے طلبا و طالبات کا انتخاب انٹری ٹیسٹ اورطلبہ کے ذہنی رجحان اور صلاحیتوں کی جانچ پڑتال کے بعد ۱۰۹ طلبہ کی درخواستیں قبول کی ہیں۔۹۵ طلبہ نے انٹرویو میں شرکت کی ۔ان میں سے ۸۷ طلبا و طالبات کو ایم فل، پی ایچ ڈی اور ایم ڈی کی اعلیٰ اسناد کے لئے مختلف طبّی شعبوں میں بقائی میڈیکل یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان (HEC)، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کے قواعد و ضوابط کے مطابق منتخب کرلیا گیا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر معین الدین نے ۲۰۱۶ء۔۲۰۱۷ء شماریاتی جائزہ کے بعدکہا کہ ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے بہترین منصوبہ بندی کے ذریعے اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی اسناد و اہلیت کے لئے طلبہ کو رہنمائی فراہم کررہے ہیں۔ کئی مضامین میں ہمارے پاس HECکے منظور شدہ ماہرین اور اساتذہ بطور نگرانِ تحقیق دستیاب ہیں۔ مالیاتی خسارہ کو کم کرنے کے اقدامات اس طرح کئے ہیں کہ طلبہ پر بار نہ پڑے۔ اس طرح بہتر نتائج حاصل کئے جارہے ہیں۔ یونیورسٹی کا ماضی، حال اورمستقبل اعلیٰ تدریسی و تحقیقی لحاظ سے شاندار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ بقائی کے فارغ التحصیل گریجویٹ طلباو طالبات پوسٹ گریجویشن اینڈ ریسرچ پروگرام کی جانب تیزی سے راغب ہورہے ہیں۔ انہیں اپنی مادرِ علمی سے دلچسپی اور اعتماد اس لئے ہے کہ یہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ، تدریس اور تحقیق کی صلاحیتوں کے حامل اساتذہ خدمات پر مامور ہیں۔ پروفیسر معین الدین نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایم فل، پی ایچ ڈی یا ایم ڈی کرنے والے طلبہ بغیر سال ضائع کئے ۴سال میں پی ایچ ڈی مکمل کرلیں۔ جامعہ بقائی میں پوسٹ گریجویٹس پروگرام بلا نفع و نقصان کی بنیاد پر ہونے کے باعث میڈیکل کے طلبا و طالبات کی اولین ترجیح بن گئے ہیں۔ ہم پی ایچ ڈی سطح پر طلبہ کا انتخاب کرتے وقت ۹۵ فیصد نمبر کو شمار کرتے ہیں۔ رہنمائی کرنے والے اساتذہ( سپروائزر) از خود بھی اپنے طلبہ کی صلاحیتوں کے مطابق اپنی بہترین رہنمائی کے ذریعے انہیں اعلیٰ تعلیمی مدارج کے لئے موثر اور بھرپور معاونت فراہم کرتے ہیں۔ منتخب طلبا و طالبات کے انتخاب میں ان کے تعلیمی پس منظر اور ذہنی رجحان کا بھرپور جائزہ لے کر میرٹ پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔ اس موقع پر پرووائس چانسلر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر محمد اسلم اور تمام فیکلٹیز کے سربراہان کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔ شعبہ امتحانات کے سربراہ ڈاکٹر محمد صدیق ملک نے امتحان کے طریقہ کار، اس کی شفافیت اور کم سے کم مدت میں نتائج کے اعلان کے بارے میں تفصیلاً بتایا۔